وزیرِ اعظم سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ
اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر مملکتِ سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم یہ دورہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کے ہمراہ کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم اس دورے کے دوران 15 سے 18 اپریل 2026 تک تین ممالک کا دورہ کریں گے جن میں سعودی عرب ،قطراور ترکیہ شامل ہیں۔ ان دوروں میں متعلقہ ممالک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی جن میں باہمی تعاون، اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورہ سعودی عرب اور قطر کے دوران وزیرِ اعظم دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں جاری دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر مشاورت متوقع ہے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم ترکیہ میں منعقد ہونے والے پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ فورم کے دوران وزیرِ اعظم عالمی رہنماؤں کے ساتھ "لیڈرز پینل” میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ اس موقع پر ان کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
یہ دورہ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں اور خطے میں امن و تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔