سعودی عرب ،ترکیہ اور مصر کے وزراء خارجہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ
اسلام آباد: سعودی عرب ،ترکیہ اور مصر کے وزراء خارجہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور خطے میں قیام امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

ائیرپورٹ پر ایڈیشنل خارجہ سیکرٹری مشرقِ وسطیٰ سید احمد معروف، ایڈیشنل خارجہ سیکرٹری افغانستان و مغربی ایشیا سید علی اسد گیلانی اور وزارت خارجہ کے دیگر حکام نے انہیں الوداع کیا ۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان،جمہوریہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فدان اور عرب جمہوریہ مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے پاکستان کے دورے کا مقصد پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان مشاورتی عمل کے دوسرے اجلاس میں شرکت تھاجو اسلام آباد میں ہوا اس سلسلے میں پہلا اجلاس 19 مارچ 2026 کو ریاض میں ہوا تھا،
انہوں نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام اباد کا دورہ کیا،وزرائے خارجہ نے اجلاس میں موجودہ علاقائی صورتحال پر نہایت تفصیلی تبادلہ خیال کیااور خطے میں جاری جنگ کے جلد اور مستقل خاتمے کے ممکنہ طریقوں پر بھی غور کیا۔

وزرائے خارجہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ جاری تنازعہ وسیع تر خطے میں انسانی جانوں اور روزگار پر تباہ کن اثرات مرتب کر رہا ہےجو انتہائی افسوسناک ہے۔
وزراء خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ یہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اور اس کا نتیجہ صرف موت اور تباہی کی صورت میں نکلے گا ان مشکل حالات میں امت مسلمہ کا اتحاد نہایت اہم ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مہمان وزرائے خارجہ کو اسلام آباد میں ممکنہ امریکہ-ایران مذاکرات کے امکانات سے آگاہ کیا، مہمان وزرائے خارجہ نے اس اقدام کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

مشاورتی اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے صورتحال کو قابو میں رکھنے، کشیدگی کے خطرات کو کم کرنے اور متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے خاتمے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، بشمول تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر عمل درآمد پر زور دیا ۔

وزرائے خارجہ نے چاروں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی طرف سے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان،ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فدان اور عرب جمہوریہ مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔

وزرائے خارجہ نے وزیرِاعظم کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال پر اپنے اپنے ممالک کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس مشکل وقت میں وزیرِاعظم، نائب وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔msf