سعودی عرب ،ترکیہ اور مصر کے وزراء خارجہ کی پاکستان کے امن کوششوں کی حمایت
اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے دوسرے مشاورتی اجلاس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، بامعنی مذاکرات کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اجلاس کے بعد بتایا کہ اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور جاری جنگ کے جلد اور مستقل خاتمے کے ممکنہ راستوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزرائے خارجہ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ تنازعہ انسانی جانوں اور معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی مؤثر راستہ ہیں جبکہ مشکل حالات میں امت مسلمہ کے اتحاد کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔ وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران اور امریکہ نے مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کو اعزاز سمجھے گا۔ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے بھی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چین، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی پاکستان کے امن اقدام کو سراہا ہے، جبکہ پاکستان علاقائی استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔