بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان کی پروقار تقریب، پرچم کشائی اور خصوصی دعا
بیجنگ:چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے میں پیر کے روز یومِ پاکستان نہایت شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔
اس موقع پر پرچم کشائی کی ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سفارتخانے کے اہلکاروں، چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہلِ خانہ نے بھرپور شرکت کی۔

سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے قومی پرچم لہرایا اور تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

اپنے خطاب میں سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں—اتحاد، ایمان اور تنظیم—کی اہمیت کو اجاگر کیا اور انہیں قومی ترقی و سلامتی کے لیے بنیادی ستون قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2026 دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ قومی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق 21 اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، جسے چین کے ٹیکنیکل و ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ وسائل کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، تحقیق اور کاروباری مواقعوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی، جدید صنعتوں، زراعت اور عوامی روابط کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔