خلیج سے یورپ تک عیدالفطر کی خوشیاں، دنیا بھر میں روح پرور مناظر
ریاض: سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں عیدالفطر آج بھرپور مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
نمازِ عید کے اجتماعات میں لاکھوں مسلمان شریک ہو کر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو رہے ہیں اور عالمِ اسلام کے لیے خیر و برکت کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عید کے مرکزی اجتماعات ہوئے، جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی۔ حرمین شریفین میں عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں پوری امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن اتحاد، بھائی چارے اور ہمدردی کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے عالمی امن، استحکام اور مسلمانوں کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
خلیجی ممالک کے علاوہ ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جہاں مساجد اور عیدگاہوں میں بڑے اجتماعات دیکھنے میں آئے۔

آسٹریلیا میں بھی عید کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں وزیراعظم انتھونی البانیسی نے سڈنی میں مسلمانوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شرکت کی اور ہم آہنگی و رواداری کے پیغام کو اجاگر کیا۔
امریکا، برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک میں بھی مسلمان آج عیدالفطر منا رہے ہیں۔ لندن میں چاند رات کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جہاں ثقافتی رنگ نمایاں رہے۔مہندی، چوڑیاں، ملبوسات اور روایتی کھانوں کے اسٹالز خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

دنیا بھر میں عیدالفطر کے موقع پر مسلمان محبت، اخوت اور اتحاد کا پیغام عام کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹ رہے ہیں۔