اسحاق ڈار کی او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی وزارتی اجلاس میں شرکت

0

جدہ: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم اجلاس سے قبل او آئی سی سیکرٹریٹ پہنچے جہاں ان کا استقبال او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل (فلسطین و القدس امور) سمیر بکر اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے نے کیا۔

اجلاس میں حالیہ غیر قانونی اسرائیلی اقدامات پر غور کیا گیا، جن کا مقصد بستیوں کی توسیع اور مغربی کنارے پر اسرائیلی حاکمیت مسلط کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارتی اجلاس میں رکن ممالک نے خطے کی صورتحال اور فلسطینی عوام کے حقوق سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان نے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ غیر معمولی اجلاس خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں طلب کیا گیا تھا، جس میں رکن ممالک کے نمائندوں نے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.