ملک کے خلاف ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،شہباز شریف کا دوٹوک پیغام

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ افواجِ پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ہر اندرونی و بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

افواج پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمت عملی سے لیس ہیں، جو کسی بھی چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے فروغ کو ترجیح دی ہے، تاہم ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
بیان کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.