بڑا رمضان ریلیف پیکج، 1 کروڑ 21 لاکھ خاندانوں میں 38 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ملک کے ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق اور سفید پوش خاندانوں کے لیے 38 ارب روپے کے خصوصی رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر خاندان کو 13 ہزار روپے براہِ راست اور شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت فراہم کیے جائیں گے تاکہ امداد باعزت اور بلاامتیاز مستحقین تک پہنچ سکے۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ رمضان پیکج 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک صرف عبادات کا مہینہ نہیں بلکہ معاشرے کے کمزور طبقات کے ساتھ یکجہتی، ہمدردی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا درس بھی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مستحق شہریوں کی عزت نفس کو مقدم رکھتے ہوئے پرانے اور غیر مؤثر طریقہ کار کو ختم کیا ہے، جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر قطاریں، بدانتظامی اور بدعنوانی کی شکایات سامنے آتی تھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال متعارف کرایا گیا ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام رواں برس مزید مؤثر اور جامع بنایا گیا ہے۔ جدید کیش لیس نظام کے ذریعے رقوم براہ راست مستحق خاندانوں تک پہنچائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی گئی ہے جس نے نظام کی ساکھ پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس پیکج میں کسی قسم کی سیاسی تفریق نہیں رکھی گئی اور چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دور دراز علاقوں کے مستحق خاندانوں کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نظام کی تیاری اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے عمل کی انہوں نے خود نگرانی کی تاکہ شفافیت اور مؤثریت ہر سطح پر برقرار رہے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے بٹن دبا کر امدادی رقوم کی باقاعدہ ترسیل کا آغاز کیا۔
اس موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سمیت وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ گزشتہ سال پانچ ہزار روپے فی خاندان فراہم کیے گئے تھے جسے بڑھا کر رواں برس 13 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ اس سال بھی ادائیگیوں کی آزادانہ جانچ پڑتال (تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن) کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پروگرام سے متعلق معلومات اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 9999 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔