پارلیمنٹ ہاؤس ، تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا دوسرے روز بھی دھرنا
اسلام آباد: تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے تحت پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز کا پارلیمنٹ ہاؤس میں دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کو اُن کی فیملی اور ذاتی معالج کی موجودگی میں ماہر امراضِ چشم سے طبی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں، احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری اور مکمل طبی رسائی دی جائے اور اُن کے تمام قانونی و انسانی حقوق بحال کیے جائیں۔
احتجاج میں شریک ارکانِ پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے مطابق ہر شہری کو طبی سہولت اور منصفانہ سلوک کا حق حاصل ہے، جسے یقینی بنایا جانا چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ دھرنے کے باعث اطراف میں معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔