صدر زرداری کا خیر پور قومی شاہراہ حادثے پر اظہار افسوس
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے خیرپور، سندھ میں قومی شاہراہ پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے مراد علی شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے واقعے کی تفصیلات دریافت کیں اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدر آصف علی زرداری نے حکومتِ سندھ کو ہدایت کی کہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور حفاظتی انتظامات میں بہتری کے لیے صوبائی اور وفاقی سطح پر مربوط حکمتِ عملی ترتیب دی جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔