وزیراعظم کا برآمدات پر مبنی ترقی اور اصلاحات کے تسلسل پر زور
ڈیووس: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان برآمدات پر مبنی ترقی کے واضح راستے پر گامزن ہے اور زراعت، صنعت، کانکنی، اے آئی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ اصلاحات پر عمل پیرا ہے جبکہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔
عالمی اقتصادی فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر پاکستان پویلین میں بریک فاسٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی نظام میں بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں اور ریونیو اکٹھا کرنے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 5.5 فیصد، پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد اور جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی 10.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ مضبوط معاشی روابط کے ساتھ ساتھ امریکہ کے ساتھ بھی تعاون کو فروغ دیا گیا ہے، خصوصاً کانکنی اور معدنیات کے شعبے میں امریکی اور چینی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اب ان وسائل سے بھرپور استفادے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے آئی ٹی برآمدات میں نمایاں بہتری، نوجوانوں کو فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے بااختیار بنانے اور پی آئی اے کی شفاف نجکاری کو اہم کامیابیاں قرار دیا۔
وزیراعظم کے مطابق مشکل مگر ناگزیر فیصلوں، آئی ایم ایف پروگرام پر دیانت داری سے عمل اور اجتماعی محنت کے نتیجے میں پاکستان معاشی استحکام کے بعد تیز رفتار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور مستقبل روشن اور امید افزا ہے۔