پاکستان ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات، کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور کمرشل امکانات سے بھرپور استفادہ کے لیے نجی شعبے کے ماہرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی مجموعی ترقی، صنعت و تجارت کے فروغ اور دیگر شعبہ جات کی بہتری میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے محدود وسائل کے باوجود پاکستان ریلوے کی مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات دہائیوں سے ناگزیر تھیں، جن پر اب عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان اصلاحات کے ذریعے ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنا کر ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے پاکستان ریلوے کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں اور اکائیوں سے مشاورت کے بعد عملی اقدامات پر مشتمل جامع روڈ میپ آئندہ ہفتے پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے حکومتی فنڈز کی فراہمی کو طویل عرصے تک نظر انداز کیا گیا، تاہم اگلے مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں ریلوے کے منصوبوں کے لیے متناسب بجٹ مختص کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ریلوے کے ڈھانچے کے منافع بخش کمرشل استعمال کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لینے، عالمی معیار کے کمرشل مواصلاتی نظام سے ہم آہنگ کرنے اور ایک جامع و مؤثر حکمت عملی جلد مرتب کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیاری ریلوے نظام نہ صرف ملکی معاشی ترقی بلکہ علاقائی صنعت و تجارت اور تعاون میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
اجلاس میں شریک نجی شعبے کے ماہرین نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اس کے کمرشل استعمال کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کیں، جنہیں وزیراعظم نے سراہا اور قابلِ قدر تجاویز پر اظہارِ تشکر کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹیننٹ جنرل (ر) سرفراز احمد، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور سرکاری حکام کے علاوہ نجی شعبے کے ماہرین زید بشیر، پیر سعد احسان الدین اور دیگر نے شرکت کی۔