وزیراعظم کی کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم حضرت عیسیٰؑ کی زندگی اور تعلیمات کو یاد کرتے اور ان کا جشن مناتے ہیں، جن کا محبت، امن، ہمدردی اور اتحاد پر مبنی لازوال پیغام آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

حضرت عیسیٰؑ نے بے لوث خدمت کے اعلیٰ ترین اصولوں کو اپنایا اور اپنی زندگی انسانی مصائب کو کم کرنے اور کمزور طبقات کی بہتری کے لیے وقف کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری ہمارے قومی تانے بانے کا ایک اہم اور قابلِ فخر حصہ ہے۔ تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں ان کی گراں قدر خدمات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے شانہ بشانہ دی گئی قربانیاں قابلِ تحسین اور ہمارے لیے اجتماعی فخر کا باعث ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ یہ تہواری موسم دلوں کو خوشیوں سے بھر دے، ہم آہنگی کے رشتوں کو مضبوط کرے اور سب کے لیے امن، امید اور خوشحالی کا پیغام لائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.