صدر زرداری عراق کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

0

اسلام آباد: صدرِ آصف علی زرداری عراق کا سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عراق کے سرکاری دورے کے دوران عراقی صدر اور وزیرِ اعظم سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اپنے دورے کے دوران صدرِ مملکت نے نجف اور کربلا کے گورنرز سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
صدر آصف علی زرداری نے بغداد، نجف اور کربلا میں مقاماتِ مقدسہ پر حاضری دی اور عقیدت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کربلا میں روضۂ حضرت امام حسینؑ اور حضرت عباس بن علیؑ پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کو حق، عدل اور استقامت کی ابدی علامت قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

صدرِ مملکت نے نجف میں روضۂ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر بھی حاضری دی اور دعا کی۔ روضۂ حضرت امام حسینؑ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امام حسینؑ کی تعلیمات کو حق، عدل اور انسانیت کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

دورے کے دوران صدرِ مملکت نے دونوں مقدس مزارات کے منتظمین اور مبلغین سے بھی ملاقات کی۔
صدرِ مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور عراق کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.