صدر زرداری کا چار روزہ سرکاری دورۂ عراق، بغداد میں شاندار استقبال
بغداد: صدر آصف علی زرداری چار روزہ سرکاری دورے پر عراق کے دارالحکومت بغداد پہنچ گئے۔
عراقی حکومت کی جانب سے ان کا پُرتپاک اور باوقار استقبال کیا گیا۔
بغداد ایئرپورٹ پر عراق کے وزیرِ ثقافت و سیاحت پروفیسر ڈاکٹر احمد فکاک احمد البدرانی، عراق میں پاکستان کے سفیر محمد ذیشان احمد سمیت اعلیٰ عراقی و پاکستانی حکام نے صدرِ مملکت کا خیرمقدم کیا۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری کی عراق کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں پاکستان اور عراق کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتِ حال، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر جامع تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ملاقاتوں میں تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، مذہبی و ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
اس کے علاوہ مشترکہ مفادات کے کئی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے ممکنہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
صدرِ کا یہ دورہ پاکستان اور عراق کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو نئی جہت دینے، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔