گڈز ٹرانسپورٹرز کا ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان
لاہور: لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس کے باعث اشیائے خوردونوش، صنعتی خام مال اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل شدید متاثر ہو گئی ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد نے کہا کہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل فوری حل کیے جائیں بصورتِ دیگر ترسیلی نظام میں بگاڑ کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر تشکیل قریشی نے بتایا کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے مذاکرات میں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم پنجاب حکومت نے بعد ازاں ٹویٹ کے ذریعے کسی پیش رفت کی تردید کر دی، جس سے ٹرانسپورٹرز میں مزید بے چینی پیدا ہوئی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں جاری ہڑتال کے سبب مال بردار گاڑیاں، ٹرک اور کنٹینرز مختلف شاہراہوں پر کھڑے ہونے سے تجارتی سرگرمیاں تقریباً معطل ہو چکی ہیں۔ سپلائی چین کے تعطل کے باعث منڈیوں میں اشیائے ضروریہ کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران — صدر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی — نے ہڑتال کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات کو فوراً حل کرے تاکہ سپلائی چین کا نظام بحال ہو سکے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔