وزیراعظم کی گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کی فراہمی کے جامع منصوبوں کی منظوری

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی کے مسائل کے خاتمے کے لیے جامع منصوبے پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پراجیکٹ پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا تاکہ ماحول دوست، بلا تعطل اور مستحکم بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت توانائی فوری، قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کرے تاکہ گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ملکی معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں اضافہ کا باعث بنے۔

وزیراعظم کو اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے بریفنگ دی کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کو 42 فیصد کم کر دیا گیا ہے۔ آئندہ 6 ماہ میں بجلی کی وولٹیج کو مستحکم کرنے کے لیے جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ قلیل مدتی منصوبوں میں اگلے 8 تا 12 ماہ میں بڑے سرکاری اداروں میں 9.7 میگاواٹ سولر کیپیسٹی نصب کی جائے گی جبکہ طویل مدتی منصوبوں میں 40 میگاواٹ کی تنصیب کی جائے گی۔

گلگت بلتستان میں سولر پراجیکٹ دو حصوں پر مشتمل ہے: 18 میگاواٹ چھتوں پر سولر پروگرام اور 82 میگاواٹ یوٹیلٹی سکیل سولر پراجیکٹ، جو 2027 تک مکمل ہوگا۔ اس منصوبے سے حکومت کو سالانہ تقریباً ایک ارب روپے کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ حکومت گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کے لیے زمین، مواصلات، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات بروقت فراہم کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.