الیکشن کمیشن کا بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم کرنے سے انکار

0

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کو پاکستان تحریکِ انصاف کا چیئرمین ماننے سے انکار کرتے ہوئے ان کے خط کا باضابطہ جواب جاری کر دیا ہے۔

کمیشن نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشنز کا معاملہ عدالتی کارروائی کے باعث ابھی تک التواء کا شکار ہے اور لاہور ہائیکورٹ نے اس کیس پر اسٹے آرڈر بھی جاری کر رکھا ہے، اس لئے آپ کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی آپ کسی قانونی اختیار کے حامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بیرسٹر گوہر نے 13 نومبر کو خط لکھ کر آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی توثیق کی درخواست کی تھی، تاہم موجودہ قانونی صورتِ حال کے پیش نظر کمیشن نے اسے منظور نہیں کیا۔

بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کا جواب موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ یہ معاملہ عدالت میں اُٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اب تک پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی ان کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.