پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری
اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نومنتخب باڈی سے حلف لیا اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے خصوصی شرکت کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری پی آر اے نوید اکبر نے انجام دیے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز پارلیمنٹ کی آنکھ اور کان ہیں، اور ان کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پی آر اے کی چاروں صوبوں کی نمائندہ باڈی کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافیوں کے مسائل کے حل اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پی آر اے کے صدر ایم بی بی سومرو نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز مشکل حالات میں عوام تک ایوان کی کارروائی کی درست تصویر پہنچاتے ہیں اور پریس گیلری کو مشترکہ اجلاسوں کے دوران کبھی بند نہ کرنے پر زور دیا۔ سیکرٹری نوید اکبر نے سالانہ فنڈز اور ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے باقاعدہ بجٹ مختص کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران مہمانان اور نو منتخب عہدیداروں کو سندھ کی ثقافت کی نمائندہ "اجرک” کے روایتی تحائف پیش کیے گئے، جسے ثقافتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا گیا۔
تقریب میں پارلیمانی رپورٹرز، قومی اسمبلی و سینیٹ کے افسران اور مختلف میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اختتام پر پی آر اے نے قومی اسمبلی و سینیٹ سیکرٹریٹ اور ڈی جی میڈیا کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔