وزیراعظم کا عالمی یومِ یکجہتیِ فلسطین پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ یکجہتیِ فلسطین کے موقع پر اپنے پیغام میں فلسطینی عوام کے بنیادی حق—حقِ خود ارادیت—اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ سمیت فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلاء ناگزیر ہے، جبکہ فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم اور منظم قتلِ عام کا عالمی قانون کے تحت احتساب ہونا چاہیے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس دن فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام دہائیوں سے حقِ خود ارادیت کی نفی، اپنی زمین سے محرومی اور بدترین انسانی سانحات کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بتایا کہ غزہ میں 70 ہزار سے زائد بچوں، خواتین اور مردوں کی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، پورے خاندان مٹ گئے ہیں اور گھروں، ہسپتالوں، اسکولوں سمیت بنیادی شہری ڈھانچہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اس کے باوجود فلسطینی عوام کا حوصلہ، عزم اور اپنی شناخت کے تحفظ کی جدوجہد غیر معمولی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی کانفرنس اور غزہ امن منصوبہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کا ایک موقع فراہم کرتے ہیں، تاہم جنگ بندی کا جاری رہنا، اسرائیلی تشدد کی روک تھام اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے فلسطینی مہاجرین کے امدادی ادارے کی بلا رکاوٹ فعالیت بھی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اسرائیل کا فلسطینی سرزمین بشمول غزہ سے مکمل انخلاء امن و خوشحالی کے لیے بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، دیرپا اور جامع حل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل، القدس الشریف کو دارالحکومت رکھنے والی ایک آزاد اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی آزادی، عزت، حقوق اور مستقل امن کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔