گلگت بلتستان حکومت کی آئینی مدت پوری،اسمبلی تحلیل،جسٹس (ر) یار محمد نگران وزیراعلیٰ مقرر
گلگت: گلگت بلتستان حکومت کی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کر دی گئی ہے، جبکہ جسٹس (ر) یار محمد کو نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے طور پر مقرر کر دیا گیا ہے۔
نگران حکومت کو آئینی طور پر 60 روز کے اندر عام انتخابات کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تاہم انتظامی حلقوں کے مطابق خطے میں جاری شدید سردی، برف باری اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث مقررہ مدت میں انتخابات کا انعقاد انتہائی چیلنجنگ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی سخت صورتحال اور نقل و حمل میں رکاوٹوں کے سبب انتخابات کے شیڈول میں توسیع کی تجویز زیر غور ہے، اور امکان ہے کہ عام انتخابات کو اپریل یا مئی تک ملتوی کیا جا سکتا ہے۔
سرکاری سطح پر تا حال کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم انتخابی شیڈول کا فیصلہ موسم اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔