ایس سی او اجلاس: اسحاق ڈار کی چینی وزیراعظم لی کیانگ سے اہم ملاقات
ماسکو: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کونسل کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ باہمی تعاون کو نئی جہتوں سے ہمکنار کرنے کیلئے مسلسل رابطہ ضروری ہے۔ ملاقات میں اقتصادی شراکت داری، علاقائی رابطے، اور ایس سی او پلیٹ فارم کے تحت مشترکہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں جانب سے "شنگھائی اسپرٹ” کو خطے میں پائیدار امن، تعاون اور ترقی کے لئے بنیادی ستون قرار دیا گیا۔ اسحاق ڈار اور چینی وزیراعظم نے عالمی چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی اور مستقبل میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔