وزیراعظم کا نئی شالیمار ایکسپریس اور کراچی کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈ سہولیات کا افتتاح

0

کراچی: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے وفاق اور سندھ حکومت کے اشتراک سے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کی جدیدیت سمیت ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنانے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے یہ بات پیر کے روز کراچی کے دورے کے دوران نئی شالیمار ایکسپریس اور کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن کے اپ گریڈ شدہ ویٹنگ ایریاز، لاؤنجز اور دیگر سہولیات کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ سمیت اہم شخصیات شریک تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ منصب سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی ریلوے نظام کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ لاہور ریلوے اسٹیشن کی جدیدیت کے بعد کراچی کینٹ اسٹیشن بھی جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا ہے، جبکہ سندھ حکومت کے تعاون سے صوبے کے تمام ریلوے اسٹیشن جدید خطوط پر استوار کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی سے لاہور تک چلنے والی شالیمار ایکسپریس کو نئی اور اپ گریڈ شکل میں بحال کر دیا گیا ہے، جو مسافروں کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر ریلوے نیٹ ورک کو وسطی ایشیا تک توسیع دے گی۔
ازبکستان–افغانستان–پاکستان ریلوے لائن کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد–استنبول ریل روٹ کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان ریلوے کی بہتری کے لیے دو ارب ڈالر کی فنانسنگ پر بات چیت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کے سی آر کو سی پیک میں شامل کرنے کی تجویز پر انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 154 ریلوے اسٹیشن پہلے ہی جدید بنائے جا چکے ہیں اور جب ملک کے تمام اہم اسٹیشن اپ گریڈ ہو جائیں گے تو وہ وزیر ریلوے کو صدارتی ایوارڈ کے لیے سفارش کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں آٹھ ماہ کے مختصر عرصے میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے، جن میں کراچی کینٹ اسٹیشن کی جدیدیت اور شالیمار ایکسپریس کی بحالی سرفہرست ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ روہڑی اسٹیشن پر ایک ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈیشن جاری ہے جبکہ کراچی سٹی اسٹیشن کی بہتری پر بھی کام ہو رہا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت 14 ٹرینیں آؤٹ سورس کی جا رہی ہیں، جبکہ ریلوے کے اسپتال اور اسکول مرحلہ وار نجی شعبے کے حوالے کیے جائیں گے، تاہم ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایم ایل-1 منصوبے پر بھی کام جاری ہونے کی تصدیق کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ریلوے منصوبوں میں بھرپور تعاون  کرے گی

بعد ازاں وزیراعظم نے کراچی کینٹ اسٹیشن پر نئی شالیمار ایکسپریس کا افتتاح کیا اور جدید ویٹنگ ایریا، سی آئی پی لاؤنج، ڈائننگ ہال اور کمپیوٹرائزڈ ٹکٹنگ سسٹم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ تقریب میں وفاقی وزراء، سینئر ریلوے حکام، آئی جی ریلوے اور غیر ملکی سفارتکار بھی شریک تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.