وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہوگی
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج قانون ساز اسمبلی میں ہوگی، جس کے لیے اجلاس کا باضابطہ ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
سیاسی صورتحال میں تیزی سے تبدیلی کے بعد پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کی پوزیشن مزید مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ فارورڈ بلاک کے دو ارکان نے ان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد عددی برتری کا پلڑا پیپلزپارٹی کے حق میں جھکتا نظر آ رہا ہے۔
ادھر وزیراعظم کی کابینہ میں شامل وزیرِ تعلیم دیوان چغتائی بھی حکومت سے علیحدہ ہو کر پیپلزپارٹی کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔ انہوں نے فریال تالپور سے ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی کے امیدوار کا ساتھ دینے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس کے علاوہ وزیرِ حکومت پروفیسر تقدیس گیلانی نے بھی وزیراعظم انوار الحق کا ساتھ چھوڑ کر اپوزیشن کے مؤقف کی تائید کر دی ہے۔ تقدیس گیلانی خواتین کی مخصوص نشست پر اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پیپلزپارٹی کو اب مجموعی طور پر 38 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہو چکی ہے، جو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی جانب واضح اشارہ تصور کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، جبکہ تحریک انصاف، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی نے غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آج ہونے والی رائے شماری آزاد کشمیر کی سیاسی سمت کا تعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔