ایم کیو ایم کی لوکل باڈیز سے متعلق ترمیم کا معاملہ مشاورت سے طے کیا جائے گا،شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے لوکل باڈیز سے متعلق پیش کی گئی ترمیم کا معاملہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔
جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپنی گزشتہ روز کی تقریر میں وہ ایک نکتہ بیان کرنا بھول گئے تھے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حکومت نے ایم کیو ایم کی جانب سے پیش کی گئی لوکل باڈیز ترمیم کی باضابطہ حمایت کی تھی، تاہم یہ بوجوہ 27ویں آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بن سکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے ایم کیو ایم کی قیادت سے وعدہ کیا ہے کہ اس معاملے پر بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات ایوان کے ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم ہے۔