وزیرِ اعظم فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کیلئے ریاض روانہ
لاہور:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی نویں کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد کے ہمراہ ریاض روانہ ہو گئے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب وزیرِ اعظم کے ہمراہ اعلی سطح وفد میں شامل ہیں۔
ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو، جس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور دیگر شعبوں کے ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔
وزیرِ اعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے. وزیرِ اعظم پائیدار ترقی، اقتصادی شمولیت، جدت اور عالمی جغرفیائی سیاست میں تبدیلیوں پر ہونے والی گفتگو میں شرکت کریں اور پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے.
وزیرِ اعظم دورے کے دوران سعودی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں پاکستان و سعودی عرب کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے گفتگو ہوگی. ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوگی.
وزیرِ اعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے. ان ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے حوالے سے تعاون کی استعداد پر تبادلہ خیال ہوگا۔