جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی

0

راولپنڈی: جنوبی افریقہ نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 94 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ کپتان بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ بابر اعظم صرف ایک رن کا اضافہ کر کے سائمن ہارمر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ رضوان بھی 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سلمان آغا نے مزاحمت کرتے ہوئے 28 رنز بنائے تاہم وہ بھی کیشو مہاراج کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ساجد خان نے 13 رنز بنائے، جبکہ باقی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اسپنر سائمن ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج نے 2 اور کاگیسو ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 68 رنز درکار تھے، جو مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیے۔ ایڈن مارکرم نے 42 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ رائن ریکلٹن 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کیشو مہاراج کو میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرنے اور دوسری اننگز میں 30 قیمتی رنز بنانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز سینوران متھوسیمی کے نام رہا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں پاکستان کے 333 رنز کے جواب میں 404 رنز بنائے تھے، جس نے میچ کے نتیجے پر فیصلہ کن اثر ڈالا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.