پاکستان میں نفرت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں،شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے باہمی احترام، رواداری اور امن کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ یہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور نفرت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ دیوالی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور رواداری کے فروغ کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان میں ہر شہری کو مذہب، عقیدے اور عبادت کی آزادی حاصل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے اب تک اقلیتی برادریوں نے تعلیم، صحت، دفاع اور سماجی خدمات سمیت ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور قومی اقلیتی کمیشن بل کی منظوری دی ہے تاکہ اقلیتوں کے ادارہ جاتی کردار کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلباء کے لیے تعلیمی وظائف، سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ اور مذہبی تہواروں پر تعطیلات کی فراہمی حکومت کی اقلیت دوست پالیسیوں کا حصہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان روشنی، امن، برداشت اور بھائی چارے کی سرزمین ہے، اور پوری قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔

تقریب میں وفاقی وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ اور مختلف اقلیتی برادریوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہندو برادری کے ہمراہ دیوالی کا کیک کاٹا جبکہ شرکاء نے تقریب کے انعقاد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.