افغانستان سے پاکستان پر حملہ بھارت کی شہہ پر ہوا،شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان پر حملہ بھارت کی شہہ پر ہوا، جس کا افواجِ پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے بتایا کہ حملے کے وقت افغان وزیرِ خارجہ دہلی میں موجود تھے، بعد ازاں افغانستان کی درخواست پر 48 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر افغان حکام ہماری جائز شرائط کے ساتھ بات چیت چاہتے ہیں تو پاکستان تیار ہے، اب فیصلہ کابل کو کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ بھائی چارے کا رشتہ نبھایا مگر دہشت گردوں کو افغانستان میں کھلی چھوٹ حاصل ہے، جس کے باعث ہمارے جوان اور شہری شہید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ہزاروں دہشت گردوں کو واپس آنے دیا جس سے یہ فتنہ دوبارہ سر اٹھا گیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ قطر، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، اردن، یو اے ای اور امریکا کی کوششوں سے غزہ میں جنگ بندی ممکن ہوئی، جس میں پاکستان نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق دو سال میں 74 ہزار فلسطینی شہید ہوئے، اب امن کی بحالی بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، امید ہے یہ قرض پروگرام پاکستان کا آخری ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی، میرٹ کی بالادستی اور دن رات محنت ہی پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کا ملک بنائے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو غزہ امن معاہدے میں ان کے انتہائی اہم کردار پر اس شاندار خراج تحسین پیش کیا

کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کے وزیراعظم کو داد دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.