شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو نوبل امن ایوارڈ کیلئے دوبارہ نامزد کر دیا
شرم الشیخ: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن ایوارڈ کیلئے دوبارہ نامزد کر دیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف یہاں غزہ امن معاہدے پر دستخطوں کے بعد امریکی صدر کی پریس کانفرنس کے دوران عالمی رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران امن معاہدے کیلئے دیگر رہنماؤں کیساتھ انکے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا اور انکے لیے توصیفی کلمات ادا کیے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر کی خواہش پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کی انتھک کوششوں سے امن کے قیام کیلئے معاہدے کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکی صدر امن کے داعی ہیں ، انہوں نے دن رات امن اور خوشحالی کیلئے کوششیں کی ہیں۔ پاکستان نے انکے امن کیلئے غیر معمولی کردار پر انہیں امن کے نوبل انعام کیلئے نامزد کیا تھا۔ آج وہ دوبارہ انہیں اس انعام کیلئے نامزد کرتے ہیں کیونکہ وہ اسکے حقدار ہیں۔
انہوں نے امن کیلئے کوششیں کرکے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی کاوشوں کو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی انہوں نے آٹھ جنگیں رکوائی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ امریکی صدر کی امن کیلئے کوششوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ انکی قیادت بے مثال اور دور اندیش ہے۔ دنیاکو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی کاوشوں کو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی انہوں نے آٹھ جنگیں رکوائی ہیں۔ پاکستان اور بھارت جو ایٹمی طاقتیں ہیں، چار روزہ جنگ اگر امریکی صدر کی مداخلت سے نا روکی جاتی تو ایسی تباہی پھیلتی کہ کوئی یہاں یہ بتانے کیلئے موجود نا ہوتا کہ وہاں کیا ہوا ؟