اپوزیشن کا بائیکاٹ،محمد سہیل آفریدی نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب

0

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار محمد سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے۔

صوبائی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان انتخابی عمل سے قبل ایوان سے واک آؤٹ کر گئے، جس کے بعد ووٹنگ کے عمل میں صرف حکومتی اراکین نے حصہ لیا۔

انتخابی عمل کے دوران اسپیکر نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور ہونے کی رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے 8 اکتوبر کو اپنا استعفیٰ جمع کرایا تھا جس کی گورنر نے 11 اکتوبر کو وصولی کی تصدیق کی۔ اسپیکر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 130(8) کے تحت وزیراعلیٰ کا استعفیٰ موثر ہوچکا ہے اور نئے قائد ایوان کا انتخاب مکمل طور پر آئینی عمل ہے۔

اسمبلی اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے چار امیدوار میدان میں تھے، جن میں پی ٹی آئی کے محمد سہیل آفریدی، جے یو آئی (ف) کے مولانا لطف الرحمان، مسلم لیگ (ن) کے سردار شاہجہان یوسف اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک شامل تھے۔

ووٹنگ کے دوران حکومتی اراکین سہیل آفریدی کے لیے مختص لابی میں جمع ہوئے۔ گھنٹیاں بجا کر حاضری مکمل کی گئی اور ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر اسپیکر نے سہیل آفریدی کے 90 ووٹ حاصل کرنے کا اعلان کیا۔ اپوزیشن کے واک آؤٹ کے باعث ان کے امیدواروں کو کوئی ووٹ نہ مل سکا۔

نتائج کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے نومنتخب وزیر اعلیٰ کو گلے لگا کر مبارکباد دی جبکہ ایوان میں نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ محمد سہیل آفریدی نے آئینی تقاضوں کے مطابق مطلوبہ اکثریت حاصل کی ہے اور ان کا انتخاب پورے صوبے کے لیے نیک شگون ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.