اسلام آباد و راولپنڈی میں معمولاتِ زندگی مفلوج، انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال
راولپنڈی: جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث تیسرے روز بھی زندگی معمول پر نہ آ سکی۔ مرکزی شاہراہوں کی بندش سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا، تاہم لاہور سے اسلام آباد موٹروے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، ۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بدستور سڑکیں بند ہیں، تاہم اندرونِ شہر رہائشی علاقوں کو جانے والے راستے کھول دیے گئے ہیں۔ مری روڈ سے ملحقہ گلیوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، لیکن مری روڈ، فیض آباد، ایکسپریس وے اور آئی جے پی روڈ تاحال ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
راولپنڈی ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر بھی رکاوٹیں برقرار ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ اسپتالوں تک پہنچنا بھی مشکل ہوگیا ہے جبکہ پیدل چلنے کے راستے بھی بند پڑے ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم 2 موٹروے لاہور تا اسلام آباد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، جس کے بعد آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ نائنتھ ایونیو سے ڈبل روڈ کو ملانے والا راستہ بھی بحال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی کی سمت سے فیض آباد جانے والا راستہ تاحال بند ہے۔ تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون اور سیلولر انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال ہو چکی ہے، جس سے شہریوں کو کچھ ریلیف ملا ہے۔