احسن اقبال کل پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
بیجنگ:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کل بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے 14 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ جے سی سی سی پیک کا سب سے اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے، جہاں جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ مرحلے کے لیے نئے شعبے اور منصوبے شامل کیے جائیں گے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کی 14 ویں جے سی سی ایک تاریخی موڑ ہے جو فیز ٹو کے آغاز کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس اجلاس میں سی پیک کے اگلے مرحلے کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا جسے حقیقی معنوں میں عوامی خوشحالی کی راہداری میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 محض ایک انفراسٹرکچر پروگرام نہیں بلکہ پاکستان کی خوشحال اور مضبوط ترقی کے لیے ایک اقدام ہے جو جامع ترقی اور عالمی مسابقت کو یقینی بنائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کا مقصد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت یعنی عوام کو بااختیار بنا کر معیشت کے “سافٹ ویئر” کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ مرحلہ نوجوانوں کی صلاحیتوں، ہنر اور جدت پر مبنی ہوگا۔ اس میں عوام رہنما کردار ادا کریں گے جبکہ برآمدات معیشت کی محرک قوت ہوں گی۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی تاریخی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، جو خطے میں امید اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔