ٹی 20 ایشیاکپ،بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا
دبئی:ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرا دیا۔
دبئی سٹیڈیم میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کی طرف سے دیئے گئے172 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز بنائے،دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب اور محمد نواز 21، 21، فخر زمان 15 اور حسین طلعت 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سلمان علی آغا 17 اور فہیم اشرف 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کے شیوم دوبے نے 2، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے 1، 1 وکٹ حاصل کی ہے جبکہ محمد نواز رن آؤٹ ہوئے۔
173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما اور شبمن گل نے پہلی وکٹ پر 105 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ یک طرفہ بنا دیا تھا۔
شبمن گل نے 28 گیندوں پر 47 رنز بنائے ان کی وکٹ فہیم اشرف نے حاصل کی۔106 کے مجموعے پر پاکستان کو دوسری وکٹ کپتان سوریا کمار یادیو کی مل گئی، جو بغیر کوئی رنز بنائے حارث روف کا شکار بنے۔
ابھیشیک شرما نے 39 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے، انہیں ابرار احمد نے پویلین بھیجا۔بھارت کی چوتھی اور میچ کی آخری وکٹ سنجو سیمسن کی گری، جو 13 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو ئے۔
حارث رؤف نے 2، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے 1، 1 وکٹ حاصل کی، میچ میں عمدہ پرفارمنس پر ابھیشیک شرما کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔