مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکج لایا جائےگا،وزیراعظم کا کابینہ سے خطاب

0

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پوری قوم کل کشمیر ی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھر پور مظاہرہ کرے گی، حکومت کے معاشی اقدامات کی بدولت مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، تمام تر توانائیاں معاشی شرح نمو کے لئے صرف کریں گے، سعودی عرب کی طرف سے تیل کی موخر ادائیگی کی سہولت کے لئے مشکور ہیں،چاروں صوبوں میں زرعی ٹیکس کے نفاذ کی منظوری سے آئی ایم ایف کامطالبہ پورا ہو گیا، زرعی ٹیکس وقت کی ضرورت ہے، یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکج لایا جائےگا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو ان خیالات کااظہار وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتےہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسدادپولیو مہم دوبارہ شروع ہو چکی ہے، صوبوں کے ساتھ مل کر بھرپور طریقے سے پولیو کے انسداد کے لئے مہم چلائی جارہی ہے۔وزیراعظم نے جمرود میں انسدادپولیو ٹیم پر حملے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ وہ گزشتہ روز کوئٹہ کے دورے پر تھے۔ قلات میں ایک کارروائی کے دوران 23 خوارج کو جہنم رسید کیاگیا ، خوارج سے لڑتے ہوئے 18 جوان جام شہادت نوش کر گئے ۔ وزیراعظم نے بتایاکہ انہوں نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کے حوصلے بلند تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ جوانوں کے ملک کی خاطر قربانی کے جذبے اور غیر متزلزل عزم کی پوری قوم معترف ہے، ملک و قوم کے لئے قربانیاں دینے والے قوم کے ہیرو ہیں، افواج پاکستان اور عوام دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے شانہ بشانہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں دہشت گردوں کو چھوڑنے کی فاش غلطی اور فیصلے کا نتیجہ بھگتناپڑ رہا ہے ، افواج پاکستان ، ایف سی، رینجرز اور پولیس کے جوان جو قربانیاں دے رہے ہیں و ہ تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔

وزیراعظم نے نئے سال کے آغاز پر مہنگائی کی شرح مزید کم ہونے پر وفاقی کابینہ کے ارکان بالخصوص فنانس ٹیم کو مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر 2.4 فیصد پر آچکی ہے، مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر ہونے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

سال 2024 کے آغاز میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی، دسمبر 2024 میں مہنگائی 4.1 فیصد تک کم ہوئی،مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایشیاء خوردونوش کے نرخوں میں کمی سے عام آدمی کو ریلف مل رہا ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد اب معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ آج بدھ کو یوم یکجہتی کشمیر قومی جذبے کے ساتھ منایا جائےگا، آزادی کی تحریک میں ہم کشمیر بھائیوں کے ساتھ ہیں اور خیبر سے کراچی تک پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کرتےہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ سعودی عرب جوپاکستان کاقریبی برادر ملک ہے اور پاکستان کے لئے نئے خواہشات رکھتا ہے کے خصوصی وفد نے گزشتہ روز پاکستان کا دورہ کیا، سعودی عرب نے تیل کی درآمد پر ایک سال کے لئے 1.2 ارب ڈالر موخر ادائیگی کی سہولت کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔موخر ادائیگی کی سہولت کے لئے سعودی عرب کے مشکور ہیں۔ ا س سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے مابین مختلف شعبوں میں سمجھوتوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی فنڈ کے ساتھ مانسہرہ میں واٹر سپلائی سکیم کےلئے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے منصوبے پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 4 کروڑ ڈالر کی لاگت سے کنگ سلمان ہسپتال بھی تعمیر کیاجائےگا۔ وزیراعظم نے زرعی ٹیکس کی منظوری پر چاروں صوبوں کاشکریہ اداکرتےہوئے کہاکہ سندھ اور بلوچستان نے بھی زرعی ٹیکس کے نفاذ کی منظور ی دے دی ہے۔ اس طرح آئی ایم ایف کازرعی ٹیکس کامطالبہ پورا ہو گیاہے۔ زرعی ٹیکس وقت کا تقاضا ہے ، پنجاب نے سب سے پہلے یہ کام کیا۔

وزیراعظم نے چاروں وزرائے اعلیٰ کا شکریہ اداکیا جنہوں نے وفاق پاکستان کے ساتھ مل کر پاکستان کی بڑی ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے فیصلے کئے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری ، سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکج تیار کیاجائےتاکہ کرپشن اور خراب مال کی شکایات دوبارہ پیدا نہ ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کئی ماہ پہلے میں نے ہدایت کی تھی کہ یہ معاملہ پہلے کی طرح نہیں چل سکتا۔ گزشتہ رمضان میں بے پناہ شکایات تھیں۔ اس لئے اب مائنس یوٹیلیٹی سٹور سکیم لائی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.