انتشاریوں کی نشاندہی اور کارروائی کے لئے ٹاسک فورس قائم
اسلام آباد:انتشار و فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی اور انکے خلاف مؤثر کاروائی کیلئے وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کر دی گئی۔
یہ فیصلہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سیکیورٹی فورسز کے نمائندے بھی اس ٹاسک فورس میں شامل ہونگے.
ٹاسک فورس 24 نومبر کو انتشار پھیلانے میں ملوث مسلح افراد اور پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی
اجلاس میں ملک میں آئندہ کسی بھی قسم کے انتشار و فساد کی کوشش کو روکنے کیلئے وفاقی انسداد فسادات فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔