ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ،حکومت سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنائے،عرفان کھوکھر
لاہور :اوگرا نے دسمبرکیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 1.32 روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت5.07 روپے اضافہ کر دیا گیا۔سرکاری پیداواری قیمت میں 112.16روپے فی میٹرک ٹن اضافہ ہو گیا،اب ایل پی جی 254.19روپے فی کلوکی جگہ254.30روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر2999.47روپے کی جگہ3000.79روپے، کمرشل سلنڈر11540.33 روپے کی جگہ11545.41روپے میں دستیاب ہوگا۔
عرفان کھوکھرچیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان نے کہا کہ ملک بھر میں کسی بھی ایل پی جی پلانٹ پر سرکاری قیمت پر ایل پی جی دستیاب نہ ہے، مافیا کا راج چل رہا ہے۔ پچھلے کئی ماہ سے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر ہے۔بھاری جرمانے غریب ایل پی جی دوکانداروں کا مقدر بن چکے ہیں۔ مافیا اور ان کے سہولت کار مزے میں ہیں۔غریب ایل پی جی دوکانداروں کو بھاری جرمانے کرنے کی بجائے ایل پی جی پلانٹوں سے سپلائی کو سرکاری قیمت پر یقینی بنایا جائے۔
ایل پی جی غریب عوام کا فیول ہے جس سے گھر کے چولہے چلتے ہیں۔ مگر ایل پی جی کی قیمت صارفین کی قوت خرید سے باہر ہے
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں دو وقت کاکھانا پکانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ ایل پی جی واحدسستا فیول ہے جو کہ قدرتی گیس کی کمی کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔مقامی ضرورت کے لیے 60فیصد درآمدی ایل پی جی پر انحصار ہے۔حکومت سے درخواست ہے کہ ایل پی جی پلانٹوں سے سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب عوام کو سرکاری قیمت پر ایل پی جی دستیاب رہے۔
تمام ایل پی جی برادری اوگرا کی مقرر کردہ قیمت پر ایل پی جی کی خرید وفروخت کو یقینی بنائیں۔