وزیراعظم کو انفارمیشن ٹیکنالوجی برآمدات 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کا لائحہ عمل پیش
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو ملکی انفارمیشن ٹیکنالوجی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے تفصیلی لائحہ عمل پیش کر دیا گیا ۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ملکی آئی ٹی برآمدات اگلے پانچ سال میں 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف دیا تھا.
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے وزیرِاعظم کو شعبے کے مختلف حصوں کی اصلاحات اور مسائل کو دور کرنے کیلئے لائحہ عمل پیش کیا گیا.
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے ہر شعبے کی استعداد سے آگاہ گیا. وزیرِ اعظم کی آئی ٹی شعبے کو ترجیح بنانے کے ویژن کے نتیجے میں گزشتہ چار ماہ میں آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں 34 فیصد اضافہ ہوا. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ای -گورننس کے حوالے سے پاکستان عالمی رینکنگ میں 14 درجے بہتر ہوا، 2500 نئی آئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ پاکستان کی آئی ٹی رینکنگ 79 سے بہتر ہو کر 40 ہو گئی.
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ 5 برس میں آئی ٹی شعبے کی برآمدات کے حوالے سے 15 ارب ڈالر، ٹیلی کام برآمدات سے 1 ارب ڈالر جبکہ ڈیجیٹائیزیشن سے 10 ارب ڈالر کے حصول کا ہدف رکھا گیا ہے. اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی برآمدات کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو مجوزہ لیبر مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جس کے تحت صنعتوں سے طلب کا ڈیٹا استعمال کرنے کے بعد تعلیمی اداروں کے تعاون سے افرادی قوت کی استعداد بڑھا کر روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی. اجلاس کو آئی ٹی شعبے میں کام کرنے والے نوجوانوں بالخصوص فری لانسرز کو ترسیلات زر میں سہولت کیلئے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا. وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی پیمنٹ گیٹ ویز کے حوالے سے اس اقدام کو احسن قرار دیتے ہوئے اس پر جلد عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں. اجلاس کو ٹیلی کام شعبے کے حوالے سے اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا.
وزیرِ اعظم نے آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں اضافے کے لائحہ عمل پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہا. وزیرِ اعظم نے معینہ مدت میں اس پر عمل درآمد کی ہدایات بھی جاری کیں.
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.