توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اہمیت کا حامل ہے، چیئرمین واپڈا
اسلام آباد:چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی نے کہا ہے کہ مقامی طور پر دستیاب ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی کی پیداوار کے ذریعے ملکی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نہایت اہمیت کا حامل ہےپراجیکٹ کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کئے جارہے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیئرمین نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، جن میں مرکزی ڈیم کے دائیں اور بائیں کناروں، زیر زمین پاور ہاؤس اور ٹرانسفارمر ہال، کرشنگ اور پمپنگ پلانٹس اور متبادل شاہراہِ قراقرم کی سائٹس شامل ہیں۔
جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے چیئرمین کو مختلف سائٹس پر اہداف اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی 15 سائٹس پر تعمیراتی کام بلا تعطل جاری ہے۔ اپ سٹریم سٹارٹر ڈیم کی تعمیر کے بعد رواں سال پراجیکٹ کے ڈائی ورشن سسٹم سے دو ڈائی ورشن ٹنلز اور ایک بائی پاس ٹنل کے ذریعے حالیہ سیلاب کو کامیابی سے گزارا گیا۔ مرکزی ڈیم کے دائیں اور بائیں کناروں پاور ہاؤس اور ٹرانسفارمر ہال کی کھدائی اور مضبوطی کا کام جاری ہے جبکہ شاہراہِ قراقرم 1- کی تمام سات ٹنلز پر بریک تھرو کے اہداف بھی حاصل کئے جاچکے ہیں۔ علاوہ ازیں پراجیکٹ کے لئے اراضی کی تحویل کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین واپڈا نے کوہستان کے تینوں اضلاع اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور کولائی پالس کے عمائدین اور سول انتظامیہ کے ساتھ ایک جرگہ میں شرکت کی۔ جرگہ میں از خود آباد کاری پیکج کے تحت ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ لوکل ایریا ڈویلپمنٹ سکیم پر عملدرآمد بارے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ واپڈا پراجیکٹ ایریا میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے پرعزم ہے اور مذکورہ مقصد کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں پر 17ارب 34کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ اِن ترقیاتی سکیموں میں متاثرین کی آباد کاری، ماحولیاتی انتظام اور علاقہ کی معاشرتی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔ اُنہوں نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ از خود آباد کاری پیکج اور لوکل ایریا ڈویلپمنٹ سکیم کے حوالے سے مقامی افراد کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ 4ہزار 320میگاواٹ کا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دو مراحل میں مکمل کیا جارہا ہے۔اِس وقت واپڈا پراجیکٹ کے پہلے مرحلے پر کام کر رہا ہے، جس کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160 میگاواٹ ہے۔ اِس سے نیشنل گرڈ کو سالانہ 12ارب کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم ہوگی۔ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر نیشنل گرڈ میں مزید 9 ارب یونٹ بجلی میسر آئے گی۔ دونوں مراحل کی تکمیل پر داسو بجلی مہیا کرنے کے حوالے سے سب سے بڑا پن بجلی منصوبہ
بن جائے گا، جس سے نیشنل گرڈ کو ہر سال تقریباً 21 ارب یونٹ پن بجلی فراہم کی جائے گی