پی ایس ایل 8 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر تمام
لاہور : پی ایس ایل 8 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر تمام ہو گیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ پشاور زلمی کے سامنے ڈھیر ہو گئی۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے فتح اپنے نام کر لی، اس فتح کے بعد ایلیمینیٹر 2 میں بابر الیون لاہور قلندرز کا سامنا کرے گی۔
پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال اور سلمان ارشاد نے 2،2 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے صہیب مقصود کی 60 رنز کی دھواں دار اننگ رائیگاں گئی۔ پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کامیابی کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا
آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
زلمی کی اوپننگ جوڑی صائم ایوب اور بابر اعظم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا اور صرف 4.3 اوورز میں 60 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔ 60 کےمجموعے پر صائم ایوب 23 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔ بابراعظم نے اپنے دلکش چوکوں سے دوسرے اینڈ سے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا۔ نئے بلے باز حسیب اللہ کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی اور وہ شاداب کی گیند پر اعظم خان پھرتی کے سبب اسٹمپ ہو گئے۔
کپتان بابر اعظم نے بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں پانچویں نصف سنچری سکور کی۔ بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے لیکن شاداب خان کی گیند پیڈ پر لگنے پر ان کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔ محمد حارث آج بہترین فارم میں نظر آئے اور شاداب خان کو خوبصورت اسکوپ کرتے ہوئے پیچھے کی جانب چھکا بھی لگایا لیکن مشکل وقت میں وکٹ پر رکنے کے بجائے بڑے شاٹس مارنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر محمد وسیم کو آسان کیچ دے بیٹھے۔
جیمز نیشام اور عامر جمال کا وکٹ پر قیام محض چند گیندوں تک محدود رہا جبکہ عظمت اللہ عمرزئی دو چوکے لگانے کے بعد فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے۔ پشاور زلمی ابتدا میں ملنے والے اچھے آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکی اور آخری چھ اوورز میں صرف 43 رنز بنا سکی۔ پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے تھے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، رحمان اللّٰہ گرباز، صہیب مقصود، کولن منرو، اعظم خان، فہیم اشرف، مبصر خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور فضل حق فاروقی شامل تھے۔ بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پشاور زلمی کی ٹیم صائم ایوب، حسیب اللّٰہ، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، جمی نیشم، عامر جمال، مجیب الرحمان، عظمت اللّٰہ عمرزئی، وہاب ریاض اور سلمان ارشاد شامل تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 12 پوائنٹس اور خراب رن اوسط کے گروپ اسٹیج کے اختتام پر تیسرے نمبر پر رہی۔ پشاور زلمی کی ٹیم پانچ میچز میں کامیابی حاصل کرکے 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔