افغان ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی

0

کنگز ٹاؤن:آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان کی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم کو 8 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئی ۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے دی اور یوں افغان ٹیم نے پہلی مرتبہ کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔افغانستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 116 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بنگلادیش نے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے ہدف 12.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا۔افغانستان کی اننگز کے اختتام پر بارش کی وجہ سے میچ کچھ دیر کے لیے روکا گیا تھا۔افغانستان ٹیم کے بائولرز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نوین الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقا کا مقابلہ افغانستان سے 26 جون کو ہوگا۔
منگل کو آرنوس ویل گراؤنڈ،کنگزٹاؤن، سینٹ ونسنٹ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 52 ویں میچ میں افغانستان کی ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکور بورڈ پر بڑا سکور نہ سجاسکی۔ افغان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر صرف 115 رنز بنا سکی اور اس نے بنگلہ دیشی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 116 رنز کا ہدف دیا۔ افغان اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنانے کے بجائے انتہائی محتاط انداز اختیار کیا، دونوں کے درمیان 10.4 اوورز میں صرف 59 رنز کی پارٹنر شپ بنی، ابراہیم ز دران نے 29 گیندوں پر 18 رنز بنائے جبکہ رحمان اللہ گرباز 55 گیندوں پر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دیگر بیٹرز رنز کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکے، عظمت اللہ عمر زئی 10، گلبدین نائب 4، اور محمد نبی ایک رن بنا سکے،کریم جنت 7 اور کپتان راشد خان 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میچ کم ہدف ہونے کے باوجود بھی سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیمیں آخری تک جیت کی کوششیں کرتی رہیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے 116رنز ہدف کے تعاقب کے دوران کئی مرتبہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا بھی پڑا تاہم قسمت افغان ٹیم کے ساتھ نظر آئی اور آخری میں جب میچ بارش کی وجہ سے روکنا پڑا تو اس وقت بنگلادیش کو جیت کے لیے 7 گیندوں پر 8 رنز درکار تھےجبکہ اس کی ایک وکٹ باقی تھی،اس موقع پر ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت میچ کے نتیجے کا اعلان کر کے افغان ٹیم کو فاتح قرار دے دے گیا اور یوں افغان ٹیم نے پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ بنگلادیش کے لٹن داس 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ افغانستان ٹیم کے کپتان راشدخان نے 23 رنز کے عوض 4 جبکہ نوین الحق نے 26 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔افغانستان کے نوین الحق کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقا کا مقابلہ افغانستان سے 26 جون کو ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.