جے یوآئی ف اور اپوزیشن اتحاد کے درمیان ٹھن گئی
کوئٹہ: جے یوآئی ف اور اپوزیشن اتحاد کے درمیان ٹھن گئی، ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی تیز ہو گئی۔
پشین میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف نعرے بازی پر جے یو آئی کی قیادت نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور خاص طور پر پی ٹی ائی کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پشین جلسے سے پی ٹی آئی کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے،منہ میں رام رام اور بغل میں چھری عوام کے سامنے آ گئی۔اپوزیشن کو شیرافضل مروت جیسوں کو پٹا ڈالنا ہوگا۔
ترجمان جے یو ائی کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے کہا تھا کہ جلسے میں کسی کو گالی نہیں دیں گے،
لگتا ہے ان کی سیاست صرف سیاسی قائدین کو شیر افضل جیسے لوگوں سے گالیاں دلوانا ہے،شیر افضل جیسے لوگ پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں ،ناکام جلسے کو شاید ایسے نعرے لگوا کر میڈیا اور عوام کی توجہ کا مرکز بنایا جارہا ہے ۔اسلم غوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اقتدار سے نکالا ،منہ کو لگام نہ دیا تو اپوزیشن کرنے کے جوگے بھی نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے کہ پشین میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں بعض سیاسی قائدین نے مولانا فضل الرحمن کی ذات کو ہدف تنقید بنایا تھا اور جے یو آئی کے خلاف شدید جذبات کا اظہار کیا تھا جس کی وجہ سے ماضی قریب میں ایک دوسرے کے ساتھ پیدا ہونے والی قربتیں ایک مرتبہ پھر دوریوں میں بدلتی نظر آرہی ہیں۔