ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیشن فورم کا آغاز
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام صوبوں اور وفاق کے مابین ہم آہنگی اور اشتراک پیدا کرنے کے لئے’ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیشن فورم’ ڈی ایم سی ایف کے نام سے قومی سطح کا فورم قائم کر دیا۔ یہ فورم قومی اور صوبائی دونوں سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی سرگرمیوں اور منصوبوں کی نگرانی، ہم آہنگی اوراشتراک کے لیے متعارف کرایا گیاہے۔
ڈی ایم سی ایف کا افتتاحی اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں بلایا گیا جس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اجلاس میں تمام ممبران بشمول این ڈی ایم اے کی سینئر مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ فورم کی سہہ ماہی میٹنگ کے دوران ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) میں طے شدہ معاملات پرکے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔ مزید برآں اقدامات اور منصوبوں میں تسلسل کو یقینی بنا نے کے لیے این ڈی ایم اے کا ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن ونگ ڈی ایم سی ایف کے لیے سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گا۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے ڈی ایم سی ایف کا آغاز ملک بھر میں آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ریسپانس کے لائحہ عمل کو موئثر بنانے اور آفات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کے ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کی ایک اہم کڑی ہے۔