ججز خط تحقیقات،جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کی جوڈیشل کمیشن کی سربراہی سے معذرت
اسلام آباد:سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر لی۔
تصدق حسین جیلانی کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے نام خط میں انہوں نے اپنے فیصلہ سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مناسب ہو گاکہ چیف جسٹس آف پاکستان ادارہ کی سطح پر اس مسئلہ کا فیصلہ کریں۔
انہوں نے اعتماد کرنے پر وزیراعظم اور کابینہ سے اظہار تشکر کیا اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ساتھ سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں جوڈیشل کمیشن کی سربراہی نہیں کر سکتا۔
تصدق حسین جیلانی نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کا خط پڑھا ہے، اس معاملہ کو سپریم جوڈیشل کونسل یا سپریم کورٹ آف پاکستان کو خود دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اس معاملہ کو ادارہ جاتی سطح پر خود دیکھیں۔