آصف علی زرداری دوسری بار صدر پاکستان منتخب
اسلام آباد : پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری صدر پاکستان منتخب ہوگئے ہیں۔
ہفتہ کوقومی اسمبلی ،سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی اور ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے آصف زرداری اور اپوزیشن کے محمود خان اچکزئی مدمقابل تھے۔
پارلیمنٹ میں ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے اپنے ووٹ ڈالے
آصف زرداری نے پارلیمنٹ سے 255 ووٹ لیے جبکہ سنی اتحادکونسل کے محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے۔
پارلیمنٹ میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔
مجموعی طور پر قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے آصف زرداری 410.777 الیکٹورل ووٹ لیکر صدر منتخب ہوئے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 180.34 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔
آصف علی زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں اور وہ پاکستان کے 14 ویں صدر ہوں گے۔ آصف زرداری 2008 سے 2013 تک صدارت کے منصب پر فائز رہے ہیں۔