صدارتی الیکشن میں دو دوست آمنے سامنے آ گئے
اسلام آباد: صدارتی الیکشن میں دو دوست آمنے سامنے آ گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل نے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار کے لیے میدان میں اتارا ہے۔
محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمن سے بھی تعاون مانگ لیا ہے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں انہوں نے صدارتی الیکشن میں اپنی حمایت کی درخواست کی تاہم مولانا نے کہا کہ وہ اپنے پارٹی سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔
پی ڈی ایم کی حکومت میں محمود خان اچکزئی اور آصف علی زرداری کی پاکستان پیپلز پارٹی مل کر شامل رہی ہیں اس سے پہلے بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان قریبی رابطہ رہا اور کئی مواقع پہ انہوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا لیکن اس مرتبہ صدارتی الیکشن میں وہ ایک دوسرے کے مد مقابل آگئے ہیں۔
اُدھر این پی نے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
آصف زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
پیپلز پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اے این پی نے آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کیا۔
آصف زرداری نے حمایت پر اے این پی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔