قومی اسمبلی اجلاس،نگران حکومت نےصدر کے اعتراضات کا جواب دے دیا
اسلام آباد : نگران حکومت نے صدر سے پھر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی درخواست کر دی اور سمری پر صدر کے اعتراضات کا جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اپنے جواب میں نگران حکومت نے کہا ہے کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ ایوان نامکمل ہو تو اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔
صدر کی صوابدید اور استحقاق ہے ہی نہیں کہ آرٹیکل 91 کے تحت اجلاس روک سکیں، صدر صرف آرٹیکل 54 کے تحت معمول کے اجلاس کو روک سکتے ہیں، یہ معمول کا نہیں غیر معمولی اجلاس ہے جو آئینی تقاضا ہے۔
آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ مخصوص نشستیں نہ ہوں تو اجلاس نہیں ہو سکتا۔
آئین کے تحت الیکشن کے بعد 21 دن کے اندر اجلاس بلانا لازمی ہے، 29 فروری کو ہر حال میں اجلاس ہوگا، صدر 29 فروری کو یہ اجلاس بلا لیں نہیں بلاتے تو اجلاس اسی دن ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نگران حکومت نے صدر سے کہا ہے وہ فیصلے پرنظر ثانی کریں اور آئین کے مطابق اجلاس طلب کریں۔