وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے چینی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات
اسلام آباد : وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان کے وزیر خارجہ اور چینی نائب وزیر خارجہ نے ہر آزمائش پر پورا اترنے والی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا اعادہ کیا اور سی پیک اور باہمی اقتصادی اور مالی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے میں چین کے نائب وزیر خارجہ کی خدمات کی تعریف کی اور تمام امور پر چین کی جانب سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے سی پیک کی مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لئے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ فوائد کے لئے سی پیک کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے تمام منصوبوں کے لئے چین کی تیاری اور تعاون کو بھی سراہا۔
چین کے نائب وزیر خارجہ نے پرتپاک میزبانی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئرن برادر اور قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں مزید گہرے تعاون کا خواہاں ہے۔