چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر شمشاد اختر

0

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ایس ایم ایز کے لئے پاکستان کی پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کمپنی کے قیام سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے یہ بات وزارت خزانہ اور کارانداز پاکستان کے درمیان نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ کے قیام کے حوالےسے شراکت داری تقریب سےخطاب کرتےہوئے کہی۔

اس موقع پرپاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر، چیئرمین ایس ای پی، سٹیٹ بینک کے عہدیدار اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

این سی جی سی ایل کے قیام سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی معاونت کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ شراکت داری کے تحت کمپنی فنانس تک رسائی بڑھانے کے لئے خصوصی کریڈٹ گارنٹی کی سہولت فراہم کرے گی ۔

وزیرخزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس انقلابی اقدام کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لئے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا نجی کریڈٹ میں 5.2 فیصد حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی پاکستان کے 15 لاکھ سے زائد ایس ایم ایز اور 3.7 ٹریلین روپے سے زائد مارکیٹ حجم کے لئے مصنوعات تیار کرے گی۔ این سی جی سی ایل مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر مارکیٹ میں کریڈٹ کی دستیابی یقینی بنائے گی۔

پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مالیاتی شمولیت کے پروگرام کے تحت کمپنی پر 6 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

کارانداز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی ترقی اور اقتصادی نمو کے حوالے سے کار انداز اپنا کردار جار ی رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.