چکوال سے نہیں گجرات سے الیکشن لڑوں گا،چوہدری سالک
گجرات : مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ چکوال سے نہیں گجرات سے الیکشن لڑوں گا ،ابھی تک کسی سیاسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی۔
گجرات میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر وقت کوئی نہ کوئی لاڈلا رہا ہے الزام لگانے والے بھی لاڈلے رہے ہیں جن پر الزام لگ رہا ہے وہ بھی لاڈلے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا گجرات میں آنا اچھا لگا، الیکشن تاخیر سے ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ابھی تک کسی بھی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی، میاں برادران کی آمد پر صرف گپ شپ ہوئی سیاسی بات نہیں ہوئی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیئے۔
چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ پرویز الہی چوھدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی کوشش کرتے رہے، پرویز الہی ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم کرنا چاہتے تھے پھر وہ خود ہی چھوڑ کر چلے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ چکوال سے نہیں گجرات سے الیکشن لڑوں گا۔